لکھنؤ:7/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) یوپی کانگریس کمیٹی نے ترجمان عہدے پر تقرری کے لئے تحریری امتحان کے بعد آج 14 رکنی میڈیا ٹیم کا اعلان کر دیا جس میں نوجوانوں کو اہمیت دی گئی ہے۔میڈیا ٹیم میں 14کوآرڈنیٹر بنائے گئے ہیں جس کی قیادت راجیو بخشی کو دی گئی ہے۔ اس ٹیم میں پارٹی کے سابق ایم پی ظفر علی نقوی کے بیٹے سیف علی نقوی اور سابق ایم پی پی ایل پنیا کے بیٹے تنج پنیا بھی شامل ہیں۔اتر پردیش کانگریس صدر راج ببر کی طرف سے جاری کی گئی فہرست میں واحد خاتون سوچی بسواس کو جگہ ملی ہے۔نئی میڈیا ٹیم کی مدد کے لئے چار رکنی میڈیا ان پٹ ڈویژن بھی بنایا گیا ہے. اس کے علاوہ پارٹی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی کافی وقت سے ذمہ داری سنبھال رہے چار سینئر لیڈروں کو خصوصی مدعو رکن کے طور پر ٹیم سے شامل کیاگیا ہے۔ خاص مدعو ارکان میں سابق ترجمان وریندر مدان، امرناتھ اگروال، دوجیدر ترپاٹھی اور سریندر راجپوت شامل ہیں۔کانگریس پارٹی نے نئی میڈیا ٹیم کی تشکیل کے لئے گزشتہ ماہ تحریری امتحان اور انٹرویو منعقد کئے تھے۔ تحریری امتحان میں 90 کانگریس لیڈر شامل ہوئے تھے۔ اس کے بعد کانگریس کی قومی ترجمان پرینکا چترویدی اور سوشل میڈیاکو آرڈنیٹر روہن گپتا نے ان کے انٹرویو لئے تھے۔راج ببر نے اس سے پہلے میڈیا ٹیم اور تین دیگر محکموں کو تحلیل کر دی تھی۔پارٹی نے یہ قدم 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر اٹھایا ہے۔